ایل پی جی 10 روپے کلو سستی سی این جی کی قیمت آج کم ہو گی
لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار) وزیر پٹرولیم کے احکامات کے بعد اوگرا نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹس دیدیا جس کے بعد کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کر دی ہے۔ گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 120 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 480 روپے کم ہوئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔ قیمتوں میں کمی نہ کرنیوالی مارکیٹنگ کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ نئی قیمتوں کے تحت کراچی، رحیم یار خان، سکھر، حیدرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، اوکاڑہ، اٹک، میرپور، جہلم، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان میں ایل پی جی 125 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1475 روپے کا ہو گا۔ گلگت بلتستان، فاٹا، مظفرآباد، باغ، ناران، کاغان، مری، نتھیا گلی، میں ایل پی جی 140 روپے فی کلو ہوگی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے لوکل ایل پی جی کی پیداواری لاگت صرف 9 روپے فی کلو ہے اور قیمت میں مزید کمی کی گنجائش ہے۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اوگرا نے سی این جی کی نئی قیمتیں تیار کر لی ہیں‘ سی این جی پر 26 کے بجائے 17 فیصد ٹیکس عائد کر کے نئی قیمتیں تیار کی گئی ہیں جس سے ریجن ون میں گیس کی قیمت میں 1.24 روپے اور ریجن ٹو میں 61 پیسے فی کلو گرام کمی واقع ہو گی۔ اوگرا نئی قیمتوں پر مشتمل آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریگا جس کے بعد ریجن ون میں سی این جی 74.48 اور ریجن ٹو میں 66.14 روپے فی کلو گرام ہو جائیگی۔