• news

صنعتوں کو گیس کی فراہمی مزید دو دن بڑھائی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت توانائی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے توانائی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی\ وزیر اعظم کو اجلاس میں توانائی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی‘ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی مزید دو دن کیلئے بڑھائی جائے اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی فوری بہتر بنائی جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال‘ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وفاقی وزیر پترولیم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں توانائی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کوئلے سے چلنے والے جامشورو پاور پلانٹ‘ دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم اور تربیلا کے توسیعی منصوبوں پر عملدرآمد کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ توانائی بحران پر قابو پانے اور عوام کو سستی توانائی کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شمسی توانائی کیلئے مزید منصوبوں کی جستجو کرنا ہو گی۔ وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے 2014-18 تک مطلوبہ توانائی کی طلب و ڈیمانڈ کی صورتحال فراہم کی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی انہیں توانائی منصوبوں پر عملدرآمد کی صورتحال بارے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن