کراچی ۔ مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ میں اے ایس آئی سمیت7 افراد ہلاک چار افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس کے اے ایس آئی سمیت7 افراد ہلاک اور کمسن بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والا اے ایس آئی30 سالہ اسماعیل نپیئر تھانے میں تعینات تھا اور بیوی بچوں کے ساتھ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں رشتہ داروں سے ملنے گیا تھا جہاں مسلح افراد نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ لیاری میں ہی جھٹ پٹ مارکیٹ کے نزدیک کار سوار 22 سالہ جنید صدیقی کی نعش پھینک کر فرار ہوگئے جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ اسکے علاوہ لیاری میں بابا لاڈلا گروپ کے کارندوں نے عذیر بلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے شاہد بلوچ کے گھر پر راکٹ حملہ کیا اور بعد میں اسے آگ لگا دی جبکہ سنگولین میں ایک آوان گولہ بھی داغا گیا تاہم اس کے نتیجے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر اور اورنگی ٹائون کے سیکٹر ساڑھے گیارہ ہاشمی محلے میں نامعلوم افراد نے ایک28 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ عیدگاہ کے علاقے میں جامعہ کلاتھ مارکیٹ کے نزدیک30 سالہ عظمت شاہ کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا جبکہ سپر ہائی وے پر افغان کیمپ کے نزدیک سے بھی30 سالہ شخص کی نعش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ دریں اثناء نرسری پل کے نزدیک مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص45 سالہ جاوید، ماری پور روڈ پر دعا ہوٹل کے نزدیک فائرنگ سے7 سالہ حمیرہ یوسف، سہراب گوٹھ میں 22 سالہ نوجوان زخمی، مچھر کالونی میں 18 سالہ حسن زخمی ہو گیا۔ ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا عتیق الرحمان ہسپتال میں چل بسا۔ وہ جامع مسجد اقصیٰ کے پیش امام کا بیٹا تھا۔ مزید برآں پیر کی شب نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی کے نزدیک تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک عورت50 سالہ حسنہ زوجہ شکیل جاں بحق ہوگئی جبکہ گلستان جوہر میں دائود بیکری کے نزدیک تیز رفتار گاڑی نے65 سالہ خاتون زوجہ غلام حیدر کو کچل کر ہلاک کردیا جبکہ چاکپواڑہ سے نامعلوم شخص کی نعش ملی۔ علاوہ ازیں کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن اور پولیس کے چھاپے جاری ہے۔ گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران گینگ وار اور جرائم میں ملوث سیاسی کارکنوں سمیت80 ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ ‘ منشیات اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا۔ ادھر گلشن اقبال میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ڈاکو راشد ہلاک دوسرے رضوان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو گلشن اقبال کے بلاک-13 اے میں جیلانی مسجد کے قریب راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔