غربت ختم کئے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں: برجیس طاہر
سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) انٹی کرپشن ویک کے حوالے سے بدعنوانی کیخلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت پرنسپل شوکت حیات خاں نے کی۔ سیمینار سے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر، چودھری طارق محمود باجوہ ایم پی اے، زونل مینجر ٹیوٹا آصف شہزاد بٹ اور ڈسٹرکٹ مینجر محمد طاہر افضل نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اعظم شریف، محمد عمران بوبک، پروفیسر محمد اسماعیل، پروفیسر محمد اسلم باجوہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر چودھری برجیس طاہر نے کہا کہ کرپشن اور غربت دونوں جڑواں بہنیں ہیں، غربت ختم کئے بغیر کرپشن کا خاتمہ ناممکن ہے۔ بچے والدین کی کمائی کا صحیح استعمال نہ کریں اور اساتذہ بچوں کو دیانتداری سے نہ پڑھائیں تو یہ بھی کرپشن ہی ہے۔ رشوت ستانی ایک ایسا ناسور ہے جو کئی سماجی اور اخلاقی برائیوں کو جنم دیتا ہے اسلئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے محکمہ انسداد رشوت ستانی کے ساتھ ساتھ این جی اوز اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام میں آبروئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کا کردار مثالی ہے جنہوں نے مشرف کے دور میں بھی کالج کی تعمیر نہ رکنے دی۔ سانگلہ ہل کی سرزمین زرخیز ہے جہاں حمید نظامی اور مجید نظامی جیسی نامور شخصیات پیدا ہوئیں۔ طارق محمود باجوہ نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ملک وقوم کے بہتر مستقبل کیلئے کرپشن کی برائی کو جڑ سے ختم کردینگے۔ مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔