دو برسوں میں برآمدات میں اضافہ، 9.1 فیصد ڈیوٹی صفر ہو جائیگی:خرم دستگیر
اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے تجارت و ٹیکسٹائل خرم دستگیر نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے سزائے موت کے خاتمے کا کوئی تعلق نہیں تاہم اس معاہدے میں منی لانڈرنگ کا قانون بنانے کے حوالے سے شرط موجود ہے یہ درجہ صرف ایک سہولت ہے جس سے ملکی مصنوعات کے لئے چھ ہزار ٹیرف لائنز کھل جائیں گی۔ جس سے ملک میں افرادی قوت اور انسانی حقوق کے قوانین پر عمل دآمد یقینی ہو گا۔ اگلے دو سال میں برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی مصنوعات پر عائد9.1 فیصد ڈیوٹی ختم کرکے صفر ہو جائے گی ۔پیر کے روز یہاں وزارت تجارت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ جی ایس بی پلس کا درجہ ملنا ملک کے لئے اعزاز کی بات ہے جس میں وزارت خارجہ سمیت دیگر وزارتوں کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس درجہ کے ملنے کے بعد پاکستان کو اپنی مصنوعات پر تجارتی رعایت ملے گی ۔