غریب قتل‘ جائیدادوں پر قبضے ہو رہے ہیں‘ افسر حکمرانوں کے غیر قانونی کاموں سے انکار کیوں نہیں کرتے، ہائیکورٹ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے قرار دیا ہے غریب قتل ہو رہے ہیں، حکمران اور ان کے بیٹے ہیلی کاپٹر پر اور وزراء ستر گاڑیوں کے قافلوں پر سستے بازاروں کے دورے کر رہے ہیں، حیرت ہے بیورو کریسی ان کو کیسے برداشت کر رہی ہے، ان کے پاس پیسہ نہ ہو تو کوئی ان کو کونسلر نہ بنائے، صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کا کون ذمہ دار ہے۔ عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ فاضل عدالت نے یہ ریمارکس سبزہ زار کی رہائشی سلیمہ بی بی کی جائیداد پر قبضہ کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ درخواست گذار کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سلیمہ بی بی کی جائیداد پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے اور اسے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں مگر پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ قبضہ مافیا کو سیاسی جماعت کی پشت پناہی حاصل ہے جسکی وجہ سے انکی شنوائی نہیں ہو رہی جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ پولیس افسران اور بیوروکریٹ حکمرانوں کے غیر قانونی کاموں سے انکار کیوں نہیں کرتے۔ صوبے میں غریب قتل ہو رہے ہیں انکی جائیدادوں پر قبضے کئے جا رہے ہیں کسی کو کوئی پروا نہیں۔ عدالت کو آگاہ کیا جائے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کا کون ذمہ دار ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار نے عدالت کو بتایا کہ چھ سال سے سزائے موت پر عمل درآمد نہیں کیا گیا جسکی وجہ سے جرائم پر قابو نہیں پایا جا رہا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت17 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کر لیا۔