• news

توانائی بحران کا خاتمہ، صنعت کا پہیہ رواں کرنا اولین ترجیح ہے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کئے بغیر جی ایس پی پلس سٹیٹس سے صحیح معنوں میں فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا لہٰذا توانائی بحران جلد از جلد ختم کر کے صنعت و تجارت کا پہیہ رواں کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری قیادت نے بیرون ملک دوروں کے دوران ہمیشہ امداد کی بجائے ٹریڈ کی بات کی ہے اگر سیاستدان، کاروباری طبقہ اور عوام متحد ہو کر جدوجہد کریں تو ملک کو ہر بحران سے نکال سکتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں منعقد پاک جرمن بزنس اینڈ ٹریڈ ریلشنز فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جرمنی کے سفیر مسٹر سیرل نون سمیت کاروبای شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور پاکستان جرمن بزنس فورم نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ مذکورہ تقریب اس سال اکتوبر میں جرمن کے دارالحکومت برلن اور میونخ میں منائے جانے والے پاکستان ڈے کے سلسلے کی کڑی تھی۔ جرمن کے سفیر مسٹر سیرل نون نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں پاکستان کی حمایت پر ہم جرمن کے شکرگزار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ دھرنے عمران خان کا دھرم بن چکے ہیں۔ عمران خان عوام کا فیصلہ تسلیم کریں اور دھاندلی کا شور مچانے کی بجائے خیبر پی کے کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ عمران خان کو مسائل کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے اور محض 6 ماہ کی ہماری حکومت کی کارکردگی پر ان کی تنقید قبل از وقت ہے۔ قوم کا وقت قیمتی ہے۔ عمران خان دھرنوں اور ریلیوں سے اسے ضائع نہ کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن