• news

پاکستان ٹوٹنے سے بچانے کی جدوجہد عبدالقادر ملا کی پھانسی کا جواز بن گئی

لاہور (خصوصی رپورٹ) بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملا کو دفاع پاکستان کے جرم میں تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ ہفت روزہ ندائے ملت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانے کی جدوجہد میں کردار ان کی پھانسی کا جواز بن گیا اور بنگلہ دیش کی بھارت نواز وزیراعظم اقتدار کی ہوس میں بھارتی فارمولے پر عمل پیرا ہیں اس بات کا پول اس وقت کھلا جب بھارتی سٹریٹجک جریدے ’’پراگنی‘‘ کے تجزیہ کار اجے مہتا نے کہا کہ بنگلہ دیش کی صورت حال قابو کرنے کیلئے حسینہ واجد جو کوششیں کر رہی ہیں وہ بھارتی فارمولہ ہے۔ بھارت نے مشورہ دیا ہے کہ نیشنلسٹ پارٹی اور جماعت اسلامی کو الیکشن سے دور رکھنے کے لئے ان کے ایک دو رہنمائوں کو سزا دیدو باقی رہنمائوں کو بچانے کیلئے جماعت اسلامی خالدہ ضیاء کی پارٹی سے ناطہ توڑ کر عوامی لیگ کے ساتھ ہو جائے گی تاہم حسینہ واجد نے اس بات کو فراموش کر دیا کہ اس پھانسی سے عالمی سطح پر ان کی ساکھ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اسے بنگلہ دیش کا داخلی معاملہ قرار دیکر لاتعلقی کا چلن اپنا لیا لیکن پاکستان کے عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے کیونکہ انہیں پاکستان کی حمایت اور پاکستانی فوج کا ساتھ دینے کے جرم میں پھانسی دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن