کرپشن پر وزیراعظم‘ وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کیخلاف کارروائی ہو گی‘ بھارتی ایوان بالا نے بل کی منظوری دیدی
نئی دہلی (اے ایف پی+ رائٹرز) بھارتی ایوان بالا نے انسداد کرپشن کے بل کی منظوری دیدی۔ حکمران کانگریس اور اپوزیشن کی بڑی پارٹی بی جے پی نے بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ حکومت کی اتحادی سماج وادی پارٹی کے ارکان نے مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کردیا۔ راجیہ سبھا نے منظوری دیدی، اب یہ ایوان زیریں لوک سبھا میں بھیجا جائیگا۔ یہاں بل کی منظوری پر پھر اسے دستخط کیلئے صدر کے پاس بھیج دیا جائیگا۔ بل کے تحت کرپشن پر وزیراعظم، وزرائ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر حکومتی عہدیداروں، اداروں کیخلاف انکوائری کیلئے بااختیار محتسب تعینات کیا جائیگا۔ محتسب عدالتی کارروائی بھی کریگا، الیکشن قریب آتے ہی لوک پال بل منظور کیا گیا ہے۔ بل کی منظوری کرپشن کے خلاف سرگرم عام آدمی پارٹی کے سربراہ ارویند کریوال اور اناہزارے کی کوششوں سے عمل میں آئی۔ ادھر انا ہزارے کی بھوک ہڑتال 8 ویں روز بھی جاری رہی۔ انہوں نے کہا لگتا ہے پارلیمنٹیرینز نے عوام کی آواز سن لی جو کرپشن سے تنگ آ چکے ہیں لیکن میں بھوک ہڑتال اس وقت ختم کرونگا جب ایوان زیریں بھی اس کی منظوری دے دیگا۔ بل آج ایوان زیریں میں پیش کیا جائیگا۔ وزیر برائے پارلیمانی امور کمل ناتھ نے کہا آج تاریخی دن ہے۔ بی جے پی رہنما ارون جیٹلی نے کہا حکومت نے محسوس کر لیا کہ کرپشن کیخلاف کچھ کیا جائے۔