• news

پاکستان اور چین کا جے ایف تھنڈر طیارے فروخت کرنے کیلئے مشترکہ ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) 50 جے ایف 17 تھنڈر کی آج شمولیت سے پاک فضائیہ میں  اس لڑاکا طیارہ کے تیسرے سکواڈرن  کی تشکیل بھی  جلد مکمل ہو جائے گی۔ یہ تمام طیارے جے ایف 17 کی پہلی نسل  سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں بلاک ون قرار دیا جاتا ہے۔ آج ہی اس طیارہ کے اگلے جدید ماڈل یعنی  بلاک ٹو بنانے کا بھی آغاز ہو جائے گا۔ فضائیہ کے ذرائع کے مطابق جے ایف 17 بلاک ٹو اور بلاک تھری کی شمولیت کے بعد بلاک ون طیارے ریٹائر کر دئیے جائیں گے۔ پاک فضائیہ اب تک 159 جے ایف 17 طیاروں کا آرڈر دے چکی ہے۔ مجموعی طور پر اڑھائی سو جے ایف 17 پاک فضائیہ میں شامل کئے جائیں گے جو چینی ساختہ ایف سکس طیاروں کی جگہ لیں گے۔  اے این این کے مطابق پاکستان اور چین نے جے ایف 17تھنڈر طیارے فروخت کرنے کے لئے مشترکہ ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ادارہ آرڈرز حاصل کرنے، قیمتوں کا تعین اور بعد ازفروخت سپورٹ فراہم کرنے کا ذمہ دارہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین نے پچاس جے ایف سترہ لڑاکا طیاروں کی تیاری کا سنگ میل بھی حاصل کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن