رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری 12.5 فیصد کم ہوگئی: سٹیٹ بنک
اسلام آباد (آئی این پی) سٹیٹ بنک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 12.5 فیصد کمی واقع ہوئی۔ سٹیٹ بنک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 5 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ مالی سال (جولائی تا نومبر) کے دوران 45 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی تھی اس کے برعکس رواں مالی سال (جولائی تا نومبر) کے دوران 39 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ یوں گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 12.5 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 28.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو کہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ جولائی تا نومبر 2012ء کے دوران سرمایہ کاری کی مد میں 78 کروڑ 76 لاکھ ڈالر پاکستان آئے تھے جبکہ رواں سال (جولائی تا نومبر) کے دوران 76 کروڑ 74 لاکھ ڈالر آئے یعنی 2 کروڑ 2 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی البتہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کا حجم گذشتہ مالی سال (جولائی تا نومبر) کے دوران 31 کروڑ 58 لاکھ ڈالر جبکہ رواں سال 33 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہا۔