• news

گوجرانوالہ: غیرقانونی مارکیٹ بند کرنیوالے ضلعی انتظامیہ کے عملے پر دکانداروں کا تشدد

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کے درمیان غیر قانونی مارکیٹ کی سیلیں کھلوانے پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔ مارکیٹ دوبارہ سیل کرنے والے عملے پر دکانداروں نے تشدد کیا جبکہ ڈی سی او نے حملہ آور کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا حکم دیدیا۔ بتایا گیا ہے پسرور روڈ پر تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کے ساتھ ملحقہ 31 کنال 10 مرلے جگہ 1970ء میں تھانہ کوتوالی پولیس سٹیشن بنانے کیلئے الاٹ کی گئی تھی جس پر تھانہ تعمیر ہونے کے بعد وہاں سے شفٹ ہوجانے پر یہ جگہ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کو دیدی گئی تھی جبکہ چند ماہ قبل پولیس نے اس جگہ پر بغیر نقشہ کے منظوری کے 100 سے زائد دکانوں پر مشتمل مارکیٹ تعمیر کروالی اور ٹھیکیدار نواب خاں نے دکانیں لنڈا بازار کے پٹھانوں کو کرائے پر دے دیں جس پر اے سی سٹی صائمہ علی نے گزشتہ دنوں مارکیٹ کو سیل کردیا تھا تو پولیس نے سیلیں توڑ کر تمام دکانیں دوبارہ کھلوادی تھیں۔ اے سی سٹی صائمہ علی ٹائون عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچیں اور مارکیٹ کو دوبارہ سیل کروانا شروع کردیا۔ دکاندار طیش میں آگئے اور انہوں نے ڈنڈے اور اسلحہ لیکر عملے کو ہراساں کرنے کے بعد ان پر تشدد بھی کیا جبکہ دکانیں سیل ہوجانے پر دکانداروں نے جی ٹی روڈ کو بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔ ادھر ڈی سی او عظمت محمود نے دکانداروں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا حکم دیدیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن