کراچی: امام بارگاہ کے قریب دھماکہ، دستی بم بردار خاتون جاں بحق، بہو سمیت 2 زخمی
کراچی: امام بارگاہ کے قریب دھماکہ، دستی بم بردار خاتون جاں بحق، بہو سمیت 2 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کے علاقے فیروز آباد میں خالد بن ولید روڈ پر امام بارگاہ کے نزدیک دستی بم کے دھماکے سے ایک عورت ہلاک ایک شخص زخمی جبکہ سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے اس عورت کی بہو شدید زخمی ہوگئی۔ واقعہ بدھ کی صبح ہوا جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے لئے ہلاک ہونے والی عورت کے شوہر کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ جاں بحق 45 سالہ نسرین اور اس کی بہو زخمی عذرا مبینہ طور پر امام بارگاہ محفل مرتضیٰ میں دھماکہ کرنا چاہتی تھیں تاہم زخمی عذرا کا کہنا ہے کہ انہیں شاپنگ بیگ میں ایک خوبصورت کھلونا پڑا ہوا ملا جسے اٹھا کر وہ امام بارگاہ کی طرف آ رہی تھیں کہ وہ کھلونا زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ متوفیہ نسرین کے بیٹے عامر نے بھی کسی قسم کی دہشت گردی میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا وہ غریب لوگ ہیں اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ پولیس نے اس کے باپ رب نواز کو حراست میں لے لیا۔ متوفیہ نسرین اور اس کی بہو 25 سالہ عذرا پی ای سی ایچ سوسائٹی کے گھروں میں کام کرتی تھیں اور بدھ کی صبح بھی دونوں کام پر جارہی تھیں۔ زور دار دھماکہ سے نسرین کا ایک بازو دھڑ سے علیحدہ ہو گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ دھماکہ ہوتے ہی امام بارگاہ کی سکیورٹی پر مامور گارڈ نے انہیں دہشت گرد سمجھتے ہوئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عذرا زخمی ہو گئی جبکہ دھماکے سے علاقے کا ایک ڈرائیور خان محمد بھی زخمی ہوا، زخمی نسرین کی ہسپتال میں حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ فوری طور پر دونوں خواتین کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔ زخمی عذرا کے بیان کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں خواتین ایک رکشے سے اتریں اور دھماکے والی جگہ تک پیدل آئیں۔ دھماکے سے نسرین کا نصف چہرہ متاثر ہوا جبکہ دیواروں پر بال بیرنگ کے لگنے نشانات تھے جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ یہ کوئی کھلونا نما بم تھا۔ دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
کراچی ہلاکتیں