بزرگان دین کی وجہ سے برصغیر سمیت دنیا بھر میں اسلام کا بول بالا ہوا: فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بزرگان دین کی وجہ سے برصغیر پاک وہند سمیت پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا ہوا، بزرگان دین نے جابر حکمرانوں اور طاغوتی طاقتوں کے سامنے بھی کلمہ حق کہا اور کبھی ان کے قدم نہیں ڈگمگائے نہیں، بزرگان کے نقش قدم پر چل کر اسلام کے آفاقی پیغام پھیلایا جا سکتا ہے اور دنیا میں امن واستحکام قائم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دورہ بھارت میں علماء کرام سے گفتگو کے دوران کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے بھارت میں بزرگان دین کے مزارت پر حاضری بھی دی۔ انہوں نے کہاکہ اکابرین نے ساری زندگانی دین اسلام کی تبلیغ اور نبی آخرالز مان حضرت محمد مصطفیؐ کی سنت کو زندہ کرنے کے پیغام کو عام کرنے میں وقف کردی اور اپنے وقت کی طاغوتی طاقتوں سے مقابلہ بھی کیااور جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہنے سے دریغ نہ کیا۔ انہوںنے اْمہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اب مسلمانوں اور آنیوالی نسلوں کو انہی اکابرین کے راستوں پر چلنا ہوگا اوربزرگان کے راستے پر عمل کرکے ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج امہ مسائل و مصائب کا شکار اس لئے ہے وہ دین و قرآنی تعلیمات سے دور ہوگئی ہے۔ دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام (ف) کا 18رکنی وفد گزشتہ روز سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا، مولانا فضل الرحمن دو دن تک وطن واپس پہنچیںگے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ پیغام امن کے ساتھ ہندوستان گئے، پاک بھارت بہتر تعلقات سے خطے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، مسئلہ کشمیر ،سرکریک سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات سے ہی حل کئے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا محمد امجد خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتخابات کی آمد آمد ہے امید ہے آنیوالی بھارتی حکومت بھی امن پالیسی پر غور کریگی۔