عمران سمجھتے ہیں کہ انتخابات درست نہیں ہوئے تو استعفے دے کر گھر بیٹھ جائیں: پرویز رشید
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر عمران خان اور پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ انتخابات درست نہیں ہوئے تو وہ اسمبلیوں سے استعفے دیکر گھر بیٹھ جائیں۔ آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل تک عمران خان وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی تعریفیں کرتے تھے، آج ان کیخلاف باتیں کر رہے ہیں، تحریک انصاف اپنی زبان پر قائم رہنا سیکھے، ہماری زبان میں کوئی فرق نہیں آیا، پی ٹی آئی کی زبان کیوں تبدیل ہوئی ہے۔ کابینہ کی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی قیادت ہی فیصلے کرتی ہے، باقی اداروں نے اس پر عمل کرنا ہوتا ہے، دفاعی ادارے اپنی رائے دیتے ہیں، سیاسی قیادت کو ان کی رائے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اصل فیصلے سیاسی قیادت ہی کرتی ہے، قومی مقاصد پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ہر حلقے میں ایسے ووٹ موجود ہونگے جن کی تصدیق نہیں ہو سکتی مگر سوال یہ ہے کہ یہ فیصلہ کون کریگا کہ وہ ووٹ کس نے حاصل کئے ہیں۔ عمران خان اپنے ووٹوں کی تصدیق کس طرح کریں گے۔ جن حلقوں میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے وہ وہاں اپنے ووٹروں کی تصدیق کرا کے دکھائیں۔ دنیا بھر میں ہونے والے تازہ ترین سروے میں بھی موجودہ حکومت کو جو درجہ حاصل ہوا ہے، ماضی میں کسی کو نہیں ملا، پوری دنیا میں انتخابات کے بعد پانچ سال انتظار کرنا پڑتا ہے، عمران خان آج بلدیاتی انتخابات کیلئے لوگوں کو تیار کر رہے ہیں لیکن ان کا اپنا حلقہ ہی ختم ہو گیا ہے۔ اگر ان کا اپنا حلقہ ہوتا تو وہ ضرور مینار پاکستان پر جلسہ کرتے۔ پرویز رشید نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد عمران خان غیر ملکی دوروں پر ہی نظر آئیں گے۔