قومی اسمبلی: چار فریقی گیس منصوبہ دسمبر 2017ء میں مکمل ہو گا: پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے کہا ہے کہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان گیس منصوبہ 2017ء میں مکمل ہو گا۔ گیس کی قیمتوں کا تعین چاروں ممالک مل کر کرینگے۔ یہ گیس پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے سستی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے کیا۔ شہزادی عمرزادی نے کہا کہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ پارلیمانی امور کے سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو یقینی بنایا جائیگا۔ پارلیمنٹ اس ضمن میں قانون سازی کر رہی ہے۔ رواں سال لاہور، راولپنڈی جی ٹی روڈ پر سامان کی اوورلوڈنگ پر 32کروڑ 65لاکھ روپے سے زائد جرمانہ اور سواریوں کی اوور لوڈنگ پر 26لاکھ 46ہزار جرمانہ کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری مواصلات عالم داد لالیکا نے کہا کہ وزارت مواصلات کے جاری منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔ موٹر ویز کی تعمیر میں عالمی کوڈز کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔ لواری ٹنل کی بروقت تعمیر کیلئے ہر سال 4ارب روپے درکار ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری دفاع چودھری جعفر اقبال نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں الیکشن کمشن فروری میں انتخابات کرائیگا۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ وقفہ سوالات میں جواب نہ آنے کی تحقیقات جلد کرائے۔ ڈاکٹر عارف نے نشاندہی کی تھی کہ 29سوالات میں سے 27کے جوابات نہیں آئے ۔