خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس، بغیر اجازت بولنے سے منع کرنے پر تحریک انصاف کے ارکان نے چیئرمین کو ڈکٹیٹر قرار دیدیا
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس پارٹی پالیسیوں کی نذر ہوتے ہوتے بچ گیا۔ تحریک انصاف کے ارکان نے کمیٹی کے اجلاس میں بھی قومی اسمبلی کے اجلاس کا طرز عمل اختیار کئے رکھا جس کی وجہ سے بریفنگ کیلئے آئے ہوئے دفتر خارجہ کے افسران حیران و پریشان نظر آئے کیونکہ یہ افسران ارکان قومی اسمبلی سے مستقبل کی خارجہ پالیسی پر ہدایات لینے کے خواہاں تھے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین اویس لغاری کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت خارجہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جانی تھی تاہم وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ کی جانب سے پیش ہونیوالے خرم دستگیر کی جانب سے ابتدائی بیان کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کے ارکان شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر شیریں مزاری نے چیئرمین کی اجازت کے بغیر اظہار خیال شروع کردیا اور جب چیئرمین نے انہیں چپ کرانے کی کوشش کی تو انہوں نے انہیں ڈکٹیٹر قرار دیدیا۔ اسطرح کمیٹی کا ماحول خراب ہو گیا تاہم بعد میں ارکان نے دفتر خارجہ کی بریفنگ پر تفصیلی بحث کی۔