پاکستان نے آئی ایم ایف کو 5 کروڑ 71 لاکھ ڈالر ادا کر دیئے
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے آئی ایم ایف کو 5 کروڑ 71 لاکھ ڈالر قسط کی ادائیگی کر دی۔ رواں ماہ مزید دو قسطیں ادا کی جائیگی۔ 27 دسمبر کو اگلی قسط 14 کروڑ 77 لاکھ ڈالر، 31 دسمبر کو 10 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا شیڈول ہے۔ رواں ماہ آئی ایم ایف کو ساڑھے 31 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جائیگی۔ عالمی مالیاتی فنڈ سے قرضے کی دوسری قسط 55 کروڑ ڈالر (آج) جمعرات کو ملے گی۔ عالمی مالیاتی فنڈ کی جائزہ ٹیم پاکستانی معیشت کے جائزے کے بعد واپس واشنگٹن پہنچ گئی جہاں آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں پاکستان کے لئے پچپن کروڑ ڈالر قرضے کی دوسری قسط جاری کی جائے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قرضوں کی واپسی کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو میں مزید اضافہ ہوگا۔