• news

گیس، بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کیخلاف عوام سراپا احتجاج، پانی کی بھی قلت

لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) قصور، فیصل آباد، حویلی لکھا، رینالہ خورد، پاکپتن اور جنڈانوالہ میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام سراپا احتجاج، کئی شہروں میں مظاہرے، پانی کی بھی قلت رہی۔ قصور اور گرد و نواح میں شدید سردی ہوتے ہی واپڈا حکام نے طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کر دی، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے شہری غربت میں مبتلا ہو گئے، گھروں میں پانی کی قلت جبکہ مساجد میں پانی نہ ہونے کے باعث نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا، خواتین کی واپڈا حکام کو بددعائیں، طالب علم اور بچوں کو بغیر ہاتھ منہ دھوئے سکول کا رخ کرنا پڑا۔ قصور، کوٹ رادھاکشن، مصطفی آباد للیانی، کھڈیاں، پتوکی، چونیاں، کنگن پور، چھانگا مانگا، حبیب آباد، تلونڈی و دیگر علاقوں میں واپڈا حکام کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز رات ساڑھے بارہ بجے بند ہونے والی بجلی اگلے دن گیارہ بجے دوپہر بحال ہوئی۔ مختلف سکولز و کالجز میں جانے والے طلبا و طالبات، سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین بھی شدید پریشانی میں بغیر ہاتھ منہ دھوئے دفاتر، سکول جانے پر مجبور۔ کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد میں علامہ اقبال کالونی اور ڈی ٹائپ کالونی میں گیس کی بندش کے خلاف اہل علاقہ نے منڈی موڑ چوک سمندری روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گذشتہ کئی روز سے سوئی گیس کی بندش کے خلاف سمندری روڈ منڈی موڑ چوک میں محکمہ سوئی گیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا اہل علاقہ کی مشکل کا حل نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ جنڈانوالہ میں گذشتہ رات سے لیکر دن تک مسلسل 15 گھنٹے بجلی بند رہی، پاکپتن شہر اور گرود نواح میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، بجلی بندش سے کاروبار زندگی مفلوج اور ٹھپ ہو کر رہ گئی، گیس کا پریشر انتہائی کم کر دیا گیا ہے محلہ اسلام کالونی، انعام آباد، محلہ عیدگاہ،محلہ سمادھانوالا سمیت دیگر علاقوں میں بھی گھروں میں سوئی گیس کی فراہمی معطل ہو کر رہ جاتی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔ حویلی لکھا سوئی گیس کی بندش کے خلاف محلہ پیر اسلام کی خواتین نے منور شہید روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا۔ ہاتھوں میں بینرز اور پینا فلیکسز اٹھا رکھی تھی، خواتین نے چولہے روڈ پر رکھ کراحتجاج کیا اور حکومت اور مقامی (ن) لیگ کے رہنمائوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ پھر احتجاج پرامن نہیں ہو گا، رینالہ خورد میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن