• news

کراچی، پولیس اہلکار سمیت 4 افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار، آئی جی جیل کی گاڑی چھن گئی

کراچی (کرائم رپورٹر +  نوائے وقت رپورٹ)  کراچی میں فائرنگ کے واقعات  میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ آئی جی  جیل خانہ کی گاڑی چھین لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بنارس چوک  کے قریب  ایک ہوٹل  پر نامعلوم  افراد  نے فائرنگ کردی جس سے وہاں پر بیٹھا  ایک پولیس کانسٹیبل 30 سالہ محمد صدیق  جاں بحق ہوگیا۔  اسکی نعش  کو عباسی شہید ہسپتال  منتقل  کر دیا گیا۔ دریں اثنا  میوہ  شاہ  قبرستان کے قریب موٹر سائیکل  سواروں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک اسکے ساتھی کو زخمی کر دیا۔ سرجانی ٹائون  کے سیکٹر 4 بی سے نامعلوم  شخص  کی تشدد زدہ  نعش ملی۔  ادھر گلشن  اقبال  سے ڈاکوئوں  نے آئی جی جیل خانہ   نصرت منگن  کی سرکاری گاڑی  ان کے  ڈرائیور سے چھین لی۔ پولیس نے گاڑی  کی تلاش  شروع کر دی خدشہ  ہے کہ سرکاری گاڑی  تخریب کاری کی واردات  میں استعمال ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں  رینجرز  نے مختلف  علاقوں میں  ٹارگٹڈ آپریشن  کے دوران  سیاسی کارکنوں  سمیت 20 جرائم پیشہ  افراد  کو گرفتار کرلیا جبکہ گزشتہ روز پولیو ٹیم پر حملے  کے الزام  میں پکڑے جانے والے طالبان  رہنما امیر حمزہ  نے دوران  تفتیش  بتایا کہ وہ  تحریک طالبان  جنجال گوٹھ  کا امیر ہے اور اس نے چہلم  امام حسین  کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن