پنجاب سروس ٹربیونل کے 5 افسروں نے سبکدوشی کے بعد سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کیں
لاہور (شہزادہ خالد) فرائض سے سبکدوشی کے باوجود پنجاب سروس ٹربیونل کے 5 افسران سرکاری گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ پنجاب سروس ٹربیونل کے 6 ممبرزکا کنٹریکٹ 7 اکتوبر 2013ء کو ختم ہوا۔ سبکدوش ہونے والے ممبران میں سے ایک نے حکومت کی فراہم کردہ گاڑی واپس کر دی جبکہ 5 سرکاری ڈرائیورز سمیت گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ ان ممبران کے ناموں کی تختیاں بھی اڑھائی ماہ گزرنے کے باوجود ٹربیونل کے دفتر میں آویزاں ہیں۔ نئے ممبران کی تقرری نہ ہونے سے ٹربیونل کے چیئرمین کو تمام کیسوں کی سماعت اکیلے کرنا پڑ رہی ہے۔ ٹربیونل میں مختلف محکموں کے ملازمین کی طرف سے دائر 10 ہزار سے زائد کیس زیر سماعت ہیں۔ رواں سال 2013ء میں 60 کیسوں کے فیصلے کئے گئے۔ زیادہ تر پولیس، ایجوکیشن، پٹواری، ایکسائز اور محکمہ ہیلتھ کے ملازمین کی طرف سے کیس دائر کئے گئے ہیں۔ سروس ٹربیونل کے نئے ممبرز کی تقرری کے لئے دو مختلف سمریاں وزیر اعلیٰ کے پاس بھیجی گئیں جن پر غور کیا جا رہا ہے۔ تقرری کے خواہشمند افراد اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔