پیپلز پارٹی کے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہونگے، کراچی حیدرآباد میں میئر ہمارے ہونگے: الطاف
کراچی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کا میئر ایم کیو ایم سے ہو گا جب کہ دیگر شہروں سے بھی ایم کیو ایم کے میئرز اور چیئرمین منتخب ہوں گے۔ نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی اور اسمبلی کے اراکین سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے غیر جمہوری اور آمرانہ آرڈیننسوں کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کامیاب ہو گی جب کہ پیپلز پارٹی کیسے ہی ہتھکنڈے اختیار کرے، اس کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے۔ الطاف نے کہا عوام سندھ کے مستقل باشندوں کا اتحاد پارہ پارہ کرنے والی قوتوں کو ناکام بنا دیں، سندھ کے عوام ایم کیو ایم کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ دریں اثنا لندن میں پارٹی رہنمائوں فاروق ستار، بابر غوری، عادل صدیقی اور دیگر سے خطاب کرتے ہوئے الطاف نے کہا پاکستان کو جن خطرات اور سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ان کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط کیا جائے اور ملک کو داخلی طور پر مضبوط اسی صورت میں کیا جا سکتا ہے کہ جب ملک کے تمام عوام کو ایک نظر سے دیکھا جائے، چھوٹی قومیتوں میں شدید تر ہونے والا احساس محرومی دور کیا جائے۔ الطاف نے کہا ایم کیو ایم مخالف قوتوں کی تمام تر سازشوں اور منفی پروپیگنڈوں کے باوجود باشعور عوام اس حقیقت کو اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ایم کیو ایم ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے اور ملک کو مضبوط ومستحکم بنا سکتی ہے۔