کھوئی ہوئی ٹریفک‘ کارگو واپس لا کر پی آئی اے کو منافع بخش بنائینگے : احسن اقبال
کھوئی ہوئی ٹریفک‘ کارگو واپس لا کر پی آئی اے کو منافع بخش بنائینگے : احسن اقبال
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی کھوئی ہوئی عظمت بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انفراسٹرکچر اور جہازوں کے نئے بیڑے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے خطیر سرمایہ کاری کی ضرورت اس مقصد کیلئے حکومت پی آئی اے میں صرف 26 فیصد شیئرز کی فروخت کے ذریعے سٹیجیٹک انوسٹر کو پارٹنر بنانا چاہتی ہے، ملک کی قومی ائرلائن کے اکثریتی حصص کی ملکیت حکومت اپنے پاس رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیشنل مینجمنٹ اور نئی سرمایہ کاری سے کھوئی ہوئی ٹریفک اور کارگو واپس حاصل کر کے پی آئی اے کو نقصان سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے اور پی آئی اے کے ہنرمند اور محنتی کارکنوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی پرچم کی حامل ائرلائن کو ایشیا کی بہترین ائرلائن بنایا جائے گا۔ نجی شعبہ کی پی آئی اے میں شراکت کے عمل میں کارکنوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔