مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت دیوار تعمیر نہیں کر سکتا: اسلم بیگ
لاہور (خبرنگار) پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا علاقہ نہیں، متنازعہ علاقہ ہے۔ بھارت کو کنٹرول لائن پر دیوار بنانے کا کوئی حق نہیں۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یٰسین ملک کے بیان کا مطلب ہے کہ پاکستان کی حکومت اور ذمہ داروں نے بھارت کے موقف کہ کشمیر ان کا اٹوٹ انگ ہے، کو تسلیم کر لیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں کہ جب عبدالقادر ملا کو پھانسی دی گئی تو یہ بیان دیا گیا کہ یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا علاقہ کہنا جہالت ہے۔ کشمیر کو تو اقوام متحدہ بھی بھارت کا علاقہ تسلیم نہیں کرتی، یہ غیر ذمہ دارانہ بیان دیکر سیکرٹری دفاع جنرل (ر) آصف یٰسین ملک نے اپنی اور ملک کی توہین کی ہے۔ جنرل آصف یٰسین ملک کے اس بیان پر عوام کو عدالت میں جانا چاہئے۔