ارکان اسمبلی ہر کام میں مداخلت حق سمجھتے ہیں، ملک کا اللہ ہی حافظ ہے:لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے فراڈ کیس کے ملزم کی تفتیش تبدیل کرنے سے متعلق کیس میں قرار دیا کہ ملک کا اللہ ہی نگہبان ہے ارکان اسمبلی ہرکام میں مداخلت کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو عدالت کے روبرو درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ ملزم رانا یاسین پر سسر کی زمین فراڈ سے ہتھیانے کا الزام ہے لیکن کیس کی تفتیش پر وزیر قانون رانا ثناء اللہ اثرانداز ہو رہے ہیں لہٰذا تفتیشی افسر کو تبدیل کرنے کا حکم دیا جائے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا کہ تفتیش میرٹ پر ہو رہی ہے، ملزم کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملک کا اللہ ہی نگہبان ہے ارکان اسمبلی ہر کام میں مداخلت کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ عدالت نے ملزم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کو تفتیش مکمل کر کے رپورٹ ایک ہفتے میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔