• news

شیخوپورہ اور ننکانہ میں 7 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ، شہریوں کو شدید مشکلات

لاہور+ شیخوپورہ+ ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع، عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ شیخوپورہ میں گزشتہ روز دھند کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں 7گھنٹے سے زائد بجلی کا بریک ڈائون رہا۔ اس کے علاوہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔ ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6گھنٹے جبکہ دیہات میں 8گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ہے ننکانہ صاحب میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے اسے کم کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی حکام کا کہنا ہے اگلے ہفتے سے ملک بھر میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ شروع ہو سکتی ہے۔ صارفین اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے ہی ذہنی طور پر تیار رہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے اگلے ہفتے بجلی کا خسارہ 25 سو میگاواٹ اور 3 ہزار 4 سو میگاواٹ کے درمیان ہو سکتا ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ کرنا پڑے گی۔ دوسری طرف گزشتہ روز 24 گھنٹے میں شارٹ فال 14 سو میگاواٹ رہا۔ رسد 9700 میگاواٹ اور طلب 11100 میگاواٹ رہی۔ ہائیڈل سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی، تھرمل سے 1260 میگاواٹ اور آئی پی پیز 5440 میگاواٹ پیدا کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن