فٹبال مقابلے میں ٹیم کی شکست پر یہودی انتہا پسندوں نے قرآنی نسخے جلا دیئے
مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) مقبوضہ فلسطینی شہر سخنین کے ’’الدوحہ‘‘ سٹیڈیم میں ہونیوالے فٹبال مقابلے میں ’’ بیتار القدس‘‘ کے حامی تماشائیوں نے ٹیم کی شکست سے دوچار ہونے کے وقت سٹیڈیم میں گڑ بڑ شروع کردی۔ بیتار القدس نے کے شائقین نے سٹیڈیم کی کرسیاں اکھاڑ کر پھینک دیں اور نبی پاکﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کے نسخے بھی نذر آتش کر دیئے۔یہودی شرپسندوں کے اشتعال انگیز اقدام پر فلسطینی عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔ شمالی فلسطینی شہرسخنین سمیت مختلف شہروں میں یہودیوںکی مذہبی غنڈہ گردی کیخلاف سخت مظاہرے کئے گئے جبکہ عرب آبادی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے واقعہ کیخلاف صہیونی پارلیمنٹ میںبھی سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب رکن طلب ابو عرار نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہودی صرف اپنی ٹیم کے ہارنے پر مقدس ہستیوں کی توہین پر اتر آئے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ یہودی مسلمانوں اور فلسطینیوں سے کس قدر بغض اور نفرت کرتے ہیں۔