• news

دھرنے کے بعد عمران خان کا مہنگائی ڈرامہ بھی فلاپ ہو گا: رانا ثناء

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون و بلدیات پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دھرنے کے بعد مہنگائی ڈرامہ بھی فلاپ ہو گا جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی اتفاق رائے پیدا کر کے ملک کو مسائل سے نجات دلائی جائے۔ وہ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب 22 دسمبر کو مال روڈ پر کسی کو ریلی کی اجازت نہیں دے گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت مال روڈ پر کوئی جلسہ جلوس نہیں ہو سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا گنج بخشؒ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ اور خودکش دھماکے کسی نیٹ ورک اور مقامی امداد کے بغیر نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہ کہ انسداد دہشت گردی فورس کو پی ایس پی کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے پانچ میں سے تین مطالبات حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پولیس ایک مکمل ڈسپلن فورس ہے اور اگر ان کے پولیس افسران کو کوئی تحفظات ہیں تو وہ خود باتیں کرنے کی بجائے رولز کے تحت اپنے کمانڈنگ آفیسر کے ذریعے اپنی بات پنجاب حکومت تک پہنچائیں۔ صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ ریڈکراس وہ واحد ادارہ ہے جس نے نہ صرف زمانہ امن بلکہ جنگوں میں بھی انسانی خدمت کے پہلوئوں کو کبھی نظرانداز نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء آرٹس کونسل میں انٹرنیشنل کمیٹی برائے ریڈکراس کے زیراہتمام منعقدہ تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف دی مشن ریڈکراس پاکستان یوری شیفرینکر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن