چودھری رشید نے توہین عدالت کی درخواست دے دی، پیمرا کی فوری سماعت کی استدعا مسترد
اسلام آباد (اے پی پی + آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے چیئرمین کی برطرفی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ جسٹس ریاض احمد خان نے ریمارکس دیئے عدالتی حکم بڑا واضح ہے جسے ریلیف دیا وہی چیئرمین ہے۔ پیمرا کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا عدالت نے چیئرمین پیمرا کی برطرفی کا نوٹیفکیشن معطل کیا ہے، نئے چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل نہیں کیا اس لئے اس وقت پیمرا میں دو چیئرمین کام کر رہے ہیں۔ آن لائن کے مطابق بنچ کے سربراہ نے ریمارکس دیئے عدالت نے جس شخص کو ریلیف دیا وہی اصل چیئرمین پیمرا ہیں اور اس حوالے سے عدالت کا حکم بہت واضح ہے کہ درخواست گذار (چیئرمین پیمرا) کو عدالت کی جانب سے برطرفی کے خلاف ریلیف دیکر عہدے پر بحال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پیمرا چودھری رشید نے عدالتی حکم امتناعی ملنے کے باوجود چارج نہ ملنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ چیئرمین پیمرا چودھری رشید نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا عدالتی احکامات دکھانے کے باوجود انہیں دفتر میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے اور قائم مقام چیئرمین راؤ تحسین کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہے انہوں نے عدالت سے درخواست کی فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ درخواست میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور قائم مقام چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گذار نے مزید مؤقف اختیار کیا مذکورہ درخواست کو سماعت کے لئے آج ہی منظور کیا جائے۔