• news

عبدالقادر ملا نے پاکستان کیلئے جان دی‘ آئندہ فوج کا ساتھ دینے والے کئی بار سوچیں گے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو بحران سے نکالنے کیلئے حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ، سیاسی جماعتوں کے اتفاق کے باوجود حکومت طالبان سے مذاکرات سے گریزاں ہے شاید وہ امریکی سگنل کا انتظار کر رہی ہے، عبدالقادر ملا نے پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کی، آئندہ فوج کا ساتھ دینے والے کئی بار سوچیں گے، انتخابات کے بائیکاٹ کا ازالہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر کریں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیزکے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میںایک  ظہرانے کی نشست پر تبادلہ خیال کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن‘ سیکرٹری عبدالوہاب‘ مظفر احمد ہاشمی‘ زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ منور حسن نے کہا ہم یہ نہیں کہتے کہ مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی کے منشور پر عمل کرے بلکہ ہم تو یہ کہتے ہیں کہ قوم کے سامنے جو منشور پیش کیا تھا اسی پر عمل درآمد کرے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کیلئے جو متفقہ لائحہ عمل پیش کیا تھا اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں ہوا۔ طالبان کا سب سے بڑا گروہ ناراض ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ایک ہی نشان پر انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا خطے میں بدامنی کی بنیادی وجہ یہاں امریکہ کی موجود گی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن