دھمکیوں کے باوجود عمران انسداد پولیو مہم کی حمایت جاری رکھیں گے: تحریک انصاف
اسلام آباد (بی بی سی ڈاٹ کام) تحریکِ انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ عمران خان دھمکیوں کے باوجود پولیو مہم کی حمایت جاری رکھیں گے حالانکہ حکومت نے اس موقع پر ان کی سکیورٹی بھی واپس لے لی ہے۔ عمران خان انسدادِ پولیو مہم میں بدستور فعال کردار ادا کرتے رہیں گے اور اس سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بجائے سکیورٹی میں اضافہ کرنے کے، حکومت نے اسی موقع پر عمران خان کی بنی گالا میں واقع رہائش کے علاوہ ان کے سفر کے دوران دی جانے والی سکیورٹی بھی واپس لے لی ہے۔ قبل ازیں تحریکِ انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے بدھ کی شب ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ عمران خان کو شدت پسند تنظیم انصار المجاہدین کی جانب سے دھمکی دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق پولیو ٹیم کے بارے میں اعلان کی وجہ سے عمران خان کی جان کو انصار المجاہدین سے خطرہ ہے۔