• news

سندھ: چہلم امام حسینؓ پر فوج طلب‘ 4 شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز ایجنسیاں) سندھ حکومت نے وفاق سے چہلم امام حسینؓ کے موقع پر فوج کی تعیناتی کی درخواست کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت دفاع کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوج آرٹیکل  245‘ تحفظ پاکستان آرڈیننس اور انسداد دہشت گردی  ایکٹ کے تحت تعینات کی جائے۔ علاوہ ازیں سندھ کے 4 شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  کراچی‘ حیدرآباد‘ سکھر اور خیرپور میں 23 اور 24 دسمبر کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ علاوہ ازیں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے  اہم اجلاس سیکرٹری تغلق ہائوس کراچی میں ایڈیشنل  چیف  سیکرٹری داخلہ سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیرصدارت  ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی‘ سندھ کے ڈویژنل  کمشنرز‘   ڈی آئی جیز اور پاکستان رینجرز سندھ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  چہلم امام حسینؑ  کے دن کراچی اور سندھ کے دیگر حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بند کئے جانے کیلئے وفاق سے رجوع کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں  قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس رپورٹس کی مدد سے پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران قتل کی متعدد وارداتوں میں مطلوب جاوید عرف بندا سمیت 34 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے 3 اور متحدہ قومی موومنٹ کے 10 ملزمان کو تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت 90 روز کیلئے جیل میں قائم نظربندی مرکز بھیج دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن