سول آبادیوں میں فوجی کیمپ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے : علی گیلانی
سرینگر (این این آئی) چیئرمین حریت کانفرنس بزرگ کشمیری رہنما علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کچھ نہیں بدلا ٗ بھارتی فوج آج بھی انسانی حقوق بیدردی سے پامال کررہی ہے ٗ سول آبادیوں میں فوجی کیمپ اور بینکرز کی موجودگی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ٗ عمر عبداللہ حکومت بھارت کے اشاروں پر ناچتی ہے ٗ عالی کدل واقعہ میں ملوث اہلکار سزا کے مستحق ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے ریاستی حکومت کو نمائشی اور بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج اور اس کی نیم فوجی فورسز کا راج چلتا ہے، وہ ساری انسانی آبادی کی بھی مارپیٹ کرے، انہیں روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں ہے۔ عمر عبداللہ کا اختیار خود ریاستی پولیس پر بھی نہیں ہے اور یہ ادارہ بھی بھارتی ہوم منسٹری کے ماتحت کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو کالے قوانین کے نام پر بے گناہوں پر مظالم ڈھانے کالائسنس حاصل ہے اور اس کے تحت وہ کسی کا قتل کریں، کسی کی مارپیٹ کریں یا کسی کی تذلیل کریں، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔