خوردنی اشیاءکی قیمتیں کم ہوئی ہیں‘ ہر ضلع میں ماڈل بازار لگائیں گے : شہباز شریف
خوردنی اشیاءکی قیمتیں کم ہوئی ہیں‘ ہر ضلع میں ماڈل بازار لگائیں گے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ماڈل بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے کے ہر ضلع میں ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے۔ نئے ماڈل بازاروں میں فوڈ کورٹ، پلے لینڈ اور دیگر تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدات صوبے میں ماڈل بازاروں اور مویشی منڈیوں کے حوالے سے گزشتہ روز منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ شہبا زشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے 10اضلاع میں 16ماڈل بازار کامیابی سے چل رہے ہیں اور ان ماڈل بازاروں کے ذریعے عوام کو سستے داموں معیاری اشیاءفراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام کی سہولت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ماڈل بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل بازاروں کے ذریعے عوام کو معیاری اشیاءکی سستے داموں فراہمی کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ اشیائے ضرورےہ کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ماڈل بازاروں کی بہت زیادہ اہمیت ہے اس لئے صوبے کے ہر ضلع میں ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر ماڈل بازاروںکو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ماڈل بازاروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ ماڈل بازاروں کے قیام کے لئے ہر ضلع میں مناسب جگہ کی نشاندہی کی جائے۔ کوٹ لکھپت میں جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل بازار بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ ماڈل بازاروں میں لائٹس کو سولر پر منتقل کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں موثر پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں میںکسی قسم کی بے ضابطگیاں برداشت نہیں کی جائےں گی۔ مویشی منڈیوں کے امور شفاف طریقے سے چلانے کے لئے 7 روز میں سفارشات پیش کی جائیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی شے مقدم نہیں، اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پولیس قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض تندہی اور جانفشانی سے سرانجام دے۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ وہ گزشتہ روز صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کیلئے انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا نہایت ضروری ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا۔ معاشرے میں اخوت، بھائی چارے اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جتنی اتحاد کی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ قومی یکجہتی کے عمل کو مستحکم اور پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور لاﺅڈسپیکر کے استعمال پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر جلوسوں کیلئے چار درجاتی حصار کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سکینرزکے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت بنایا جائے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں اور آپس میں رابطہ رکھیں۔ دریں اثنا شہباز شریف کی ہدایت پر کرسمس سے پہلے عیسائی برادری کی سہولت کے لئے 22 دسمبر تا 24 دسمبر 3 دن کے لئے کرسمس بازار منعقد کئے جائیں گے۔ یہ کرسمس بازار 33 اضلاع میں گرجا گھروں کے احاطوں یا زیادہ مسیحی آبادی والے علاقوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ بازاروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے بازار چرچوں کے احاطے میں منعقد کئے جائیں۔ چرچ حکام کرسمس بازاروں کے لئے مفت جگہ فراہم کریں گے جبکہ ڈی سی اوز رمضان بازاروں کی طرز پر ان بازاروں کے لئے خیمے فراہم کریں گے۔ ان بازاروں میں اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کی جائیں گی جبکہ ڈی سی اوز مقامی کریانہ مرچنٹس اور ہول سیل ڈیلروں سے رابطوں کو یقینی بنائیں گے۔ ہر ایک بازار کے لئے آٹے کے 200 تھیلے روزانہ کی بنیاد پر سبسڈی کے ساتھ فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلی نے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی ہے کہ وہ طے شدہ سبسڈی کے ساتھ 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے فراہم کرنے کے لئے ہر ضلع میں فلور ملوں کا انتخاب کریں جبکہ سبسڈی کی رقم پنجاب حکومت دے گی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کرسمس بازار22 دسمبر سے ہر صورت لگائے جائیں اور اس سلسلہ میں فوری فیڈ بیک فراہم کی جائے۔ مزید برآں شہباز شریف نے رواں مالی سال کے دوران مسیحی بیواﺅں، یتیموں، معذوروں اور بیمار اشخاص میں تقسیم کرنے کے لئے 30 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی بطور کرسمس گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی نے مزید ہدایت کی ہے کہ متعلقہ اضلاع میں عیسائیوں کی تعداد کے حساب سے متعلقہ ڈی سی او کے ایس ڈی او میں رقم فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈی سی او ذاتی طور پر مستحق افراد میں رقم کی تقسیم کو یقینی بنائے جبکہ رقم کراسڈ چیک کے ذریعے ادا کی جائے اور اس پر رقم وصول کرنے والے شخص کا شناختی کارڈ نمبر درج ہو گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، انتہاپسندی اور توانائی کے بحران سمیت دیگر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ توانائی کی قلت کے باعث معاشی و تجارتی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت توانائی کے بحران اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ توانائی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اصلاحات کی گئی ہیں۔ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا ہے، توانائی کے شعبہ میں 480 ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کئے گئے ہیں اور امیر طبقے کیلئے سبسڈی کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی گروپ کی جانب سے معدنیات اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے فورٹیسکیو میٹلز گروپ کے چیئرمین مسٹر اینڈریو فوریسٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے آسٹریلوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے مسئلے سے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50ہزار سے زائد پاکستانی اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ حکومت ملک کو دہشت گردی و انتہاپسندی سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے۔ انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے معاشی، تجارتی، تعلیمی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انتہائی پسماندہ علاقوں میں دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں اور ان سکولوں میں معاشرے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کے بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ انہیں قیام و طعام کی سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے نوجوانو ںکو فنی تعلیم اور جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے جامع پروگرام شروع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے پانچ سالہ دور میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ ملک کی ترقی میں کرپشن بھی بڑی رکاوٹ رہی ہے۔ کرپشن کی لعنت کو ختم کئے بغیر ملک ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکتا۔ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے اور اس مہم کے نتیجے میں اربوں روپے کی چوری کا سراغ لگایا گیا ہے۔ لاہور میں نالج سٹی کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ نالج سٹی میں معروف غیرملکی تعلیمی اداروں کے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ آسٹریلیا کے فورٹیسکیو میٹلز گروپ کے چیئرمین مسٹر اینڈریو فوریسٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ معدنیات، تعلیم، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف صوبے میںعوام کی فلاح و بہبود کیلئے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ائر وائس مارشل مجاہد انور خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف