• news

مہنگائی، بھتہ مافیا عروج پر ہیں، تاجر طبقہ زیادہ پریشان ہے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی  رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجر برادری (ق) لیگ کا قیمتی اثاثہ اور تاجر بھائی ہمارے بازو ہیں، مہنگائی اور بھتہ مافیا عروج پر ہیں، لٹیروں، ڈاکوئوں اور بھتہ خوروں سے سب سے زیادہ تاجر طبقہ پریشان ہے، دکانوں پر ڈکیتیوں کے علاوہ گھروں پر اور راستوں میں بھی ڈاکے پڑ رہے ہیں صرف پنجاب میں روزانہ دو سو سے زائد تاجر لوٹ مار کا نشانہ بنتے ہیں۔ وہ گجرات میں بڑے تاجر کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تاجر رہنمائوں نے اپنی تقاریر میں امن و امان کی صورتحال، بجلی و گیس کی قلت اور ان کے ریٹس میں اضافہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج تاجر لاوارث ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے اقتدار میں بجلی، گیس اور ٹیکسوں سمیت ہمیشہ ہمارا ہر مسئلہ احسن طور پر حل کیا۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ پرویزالٰہی کے دور میں قائم کردہ گجرات یونیورسٹی ایک مثالی تعلیمی ادارہ تھی جس کا جعلی ڈگری والوں، رشوت خوروں اور نااہلوں نے برا حال کردیا ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، ہمارے دور میں پنجاب میں بھتہ مافیا کا نام بھی کوئی نہیں جانتا تھا، میں نے ہمیشہ پاٹری اور فین انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے، آج ملک کی یہ دونوں بڑی صنعتوں والے حکومت کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں لیکن انہیں گیس نہیں مل رہی، تاجر ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں لیکن ان کے مسائل بھی حل نہیں ہو رہے، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ ہمارے اقدامات کے باعث حالات بہت بہتر تھے، ہر کسی کو کام مل رہا تھا، ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ تھا۔ سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نااہل اساتذہ کو بھرتی کر لیا گیا ہے جس سے گجرات یونیورسٹی میں تعلیم کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے، تاجر رہنما افتخار شاکر نے کہا کہ حکمران پتہ نہیں کون سی گولی کھا کر سو رہے ہیں، آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں کوئی چیز عوام کی پہنچ میں نہیں نہ ان کے جان و مال محفوظ ہیں۔ کنونشن سے جاوید اقبال ڈار، خورشید قمر، چودھری اجمل، شیخ افضال، شیخ شفیق اور ملک افتخار نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن