غداری کیس: مشرف پر 5 الزامات، حکومت کی پھانسی یا عمرقید دینے کی استدعا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر مشرف کے خلاف غداری کیس کی درخواست کا متن ڈی جی ایف آئی اے کے اٹھائے گئے نکات پر مبنی ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق مشرف نے بطور آرمی چیف 3 نومبر کو غیر آئینی طور پر عبوری آئینی حکم نامہ نمبر ایک جاری کیا۔ درخواست میں 5 بنیادی الزامات عائد کئے گئے۔ مشرف نے بطور آرمی چیف 3 نومبر کا حکم جاری کر کے آرٹیکل 6 کے تحت جرم کا ارتکاب کیا۔ مشرف نے 3 نومبر کو ججز کے عہدوں کے حلف کے لئے حکم نامہ جاری کیا، ججز کے لئے جاری حکم نامہ سنگین غداری ایکٹ کے سیکشن 2 کی خلاف ورزی ہے، مشرف نے 14 نومبر 2007ء کو آئین میں مزید ترمیم کا حکم بھی جاری کیا۔ مشرف نے 14 دسمبر 2007ء کو ایک دوسرا غیر آئینی عبوری حکم نامہ بھی جاری کیا۔ غداری کا جرم ثابت ہونے پر کسی شخص کو سزائے موت یا عمر قید دی جا سکتی ہے۔ حکومت نے خصوصی عدالت سے استدعا کی کہ پرویز مشرف کو سزائے موت یا عمر قید دی جائے۔