• news

لاہور ہائیکورٹ نے سنسر بورڈ کو سمگل شدہ بھارتی فلموں کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے روک دیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر فلم سنسر بورڈ کو سمگل شدہ بھارتی فلموں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے روکتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ پاکستانی فلم پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینماؤں میں سمگل شدہ بھارتی فلمیں نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں کی نمائش سے پاکستانی فلم انڈسڑی بری طرح تباہی کی طرف جا رہی ہے جبکہ ان فلموں سے بھارتی کلچر فروغ پا رہا ہے لہذا عدالت فلم سنسر بورڈ کو غیر قانونی بھارتی فلموںکو سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے روکے جس پر عدالت نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر فلم سنسر بورڈ کو سمگل شدہ بھارتی فلموں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے روکدیا۔ عدالت نے فلم سنسر بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن