• news

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پوٹھوہار ریجن کے 77 سی این جی سٹیشن کھولنے کا حکم

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت سے رجوع کرنیوالے راولپنڈی اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن کے 77 سی این جی سٹیشنز کوسابقہ شیڈول کے مطابق سی این جی سٹیشنز کھولنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سی این جی سٹیشنز کی غیرمعینہ مدت کیلئے بندش کے فیصلے کے خلاف سی این جی سٹیشن مالکان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل قمر افضل ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کی بندش کا فیصلہ امتیازی سلوک ہے کیونکہ دیگر صوبوں میں سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی کی جا رہی ہے۔  وفاقی حکومت نے پورے پنجاب میں دسمبر کے پہلے ہفتہ میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کیلئے بند کردی تھی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں بنچ نے سی این جی مالکان کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے حکومتی بندش کی پالیسی معطل کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ پوٹھوہار ریجن کے درخواست گزار سی این جی سٹیشنوں کو سابقہ شیڈول کے مطابق گیس فراہم کرے۔ عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ گیس فراہمی کی رعایت صرف ان 77 سی این جی سٹیشنوں کو حاصل ہوگی جنہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔

ای پیپر-دی نیشن