امن عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں دہشت گردوں کے حملوں کا منہ توڑ جواب دینگے : آرمی چیف
امن عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں دہشت گردوں کے حملوں کا منہ توڑ جواب دینگے : آرمی چیف
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ +نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے امن عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں تاہم دہشت گردوں کے حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، ایسے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پشاور کور کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور خالد ربانی نے آرمی چیف کا استقبال کیا اور انہیں بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے عزم کو سراہا اور شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فاٹا میں جاری ترقیاتی کام بروقت مکمل کئے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے امن عمل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف کو مختلف آپریشنل، ٹریننگ اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوجی افسروں اور جوانوں کی جانب سے عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں استحکام لانے کیلئے ظاہر کئے گئے عزم کو سراہا۔ انہوں نے سماجی، اقتصادی مقاصد کیلئے مالاکنڈ اور فاٹا کی خاطر بنائے گئے انفراسٹرکچر اور تعمیرنو کے منصوبوں کو بھی سراہا اور انکی بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔
آرمی چیف