تحریک انصاف آج احتجاج نہیں ”سرکس“ کرے گی، عمران کرتب دکھائیں گے: سعد رفیق
تحریک انصاف آج احتجاج نہیں ”سرکس“ کرے گی، عمران کرتب دکھائیں گے: سعد رفیق
لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری نظام کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کے ڈائریکٹر شیخ رشید‘ ولن عمران خان اور کریکٹر ایکٹر ڈاکٹر طاہر القادری ہیں‘ آج لاہور میں تحریک انصاف احتجاجی دھرنا نہیں کروڑوں روپے کی لاگت سے ”سرکس“ کریگی جس میں عمران خان اور شیخ رشید اپنے کرتب دکھائیںگے‘ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنیوالے عمران خان لاہور میں پابندی کے باوجود احتجاجی ریلی نکال کر آئین توڑیں گے‘ عمران خان تانگہ پارٹی والے شیخ رشید کے مشوروں پر عمل کر رہے ہیں اور شیخ رشید مسلم لیگ (ن) سے بدلہ لینے کیلئے عمران خان کو استعمال کر رہے ہیں۔ عوام نے عمران خان کو وزیراعظم بننے کیلئے ووٹ نہیں دیئے تو عوام اور جمہوریت سے انتقام کیوں لیا جار ہا ہے؟ عمران خان ضدی بچے کی طرح بچگانہ سیاست چھوڑ دیں مہنگائی کا خاتمہ دھرنوں سے نہیں گڈ گورننس سے ہو گا‘ عمران خان خود کے علاوہ کسی کو ایماندار اور اہل نہیں سمجھتے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف اور ہمنواﺅں کی جانب سے احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملک میں جمہوریت کے عدم استحکام کا شکار ہونے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ عمران خان اپنا وقت دھرنا ڈرامہ رچانے کی بجائے کے پی کے کی حکومت کو گڈ گورننس بہتر بنانے کیلئے مشورے دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی تماشہ لگاتے ہیں اور جمہوریت پر حملے کا کوئی بہانہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش ہے کہ عمران خان جلد از جلد بڑے ہو جائیں لیکن بدقسمتی سے آج بھی وہ بچگانہ اور ضدی بچے جیسی سیاست کر رہے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے میں بھی دھرنا دے سکتی ہے مگر ایسا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا عمران خان اور شیخ رشید کی باتوں میں نہ آئیں۔ تماشا پارلیمانی لفظ ہے، چودھری نثار نے صحیح لفظ استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے سے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔
سعد رفیق