ملکہ ترنم نور جہاں کی 13ویں برسی آج منائی جائیگی
لاہور ( کلچرل رپورٹر) ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کی 13ویں برسی آج منائی جائیگی ۔ اس سلسلے میں لاہور،کراچی،قصور ،ملتان اور دیگر شہروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائیگا جس میں عزیز و اقارب اور فلمی دنیا سے و ابستہ شخصیات شریک ہوں گی جبکہ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی جائے گی۔ برسی کے حوالے سے ریڈیو اور ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام نشر کریں گے جن میں ملکہ ترنم نور جہاں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کے گائے ہوئے مشہور گیت نشر کیے جائیں گے۔ملکہ ترنم نور جہاں21ستمبر 1926 ء کو عظیم صوفی شاعر بلھے شاہ کی دھرتی قصور میں پیدا ہوئیں ۔انہوں نے سٹیج اداکاری سے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ملکہ ترنم نور جہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا۔ انہوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی اپنے جوہر دکھائے۔