پریذیڈنٹ کپ گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ، پی آئی اے کو برتری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پریذیڈنٹ کپ گریڈ I ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلہ کے دوسرے روز پی آئی اے کی ٹیم نے سرفراز احمد اور طاہر خان کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں پر 420 رنز بنا کر 241 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ سرفراز احمد اور طاہر خان کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں 257 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ جاری ہے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سرفراز احمد 147 (ناٹ آوٹ) اور طاہر خان 111 (ناٹ آوٹ) رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ نیشنل گراونڈ اسلام آباد میں پی ٹی وی اور سٹیٹ بنک کی ٹیموں کے درمیان جاری میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا میچ کے دوسرے روز سترہ وکٹیں گر گئیں۔ میچ کے دوسرے روز پی ٹی وی کی ٹیم سٹیٹ بنک کے 178 رنز کے جواب میں 158 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ سٹیٹ بنک کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 20 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں ناکام رہی اس کی 7 وکٹیں صرف 54 کے سکور پر گر گئیں۔ رضوان اکبر نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز 12 وکٹیں گر گئیں۔ یو بی ایل کی ٹیم نے دوسرے روز 83 رنز تین کھلاڑی آوٹ سے کھیل کا آغاز کیا پوری ٹیم 153 پر آؤٹ ہو گئی۔ وجہہ الدین 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کے آر ایل نے پانچ وکٹوں پر 189 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی برتری 236 رنز تک پہنچا دی۔ ڈائمنڈ گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز سوئی گیس کی ٹیم پہلی اننگز میں 394 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں کھیل ختم ہونے تک نیشنل بنک کی ٹیم نے 6 وکٹیں گنوا کر صرف 73 رنز بنائے تھے۔ مرغزار گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز واپڈا کی ٹیم حبیب بنک کے 180 رنز کے جواب میں 252 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ واپڈا کی جانب سے احمد سید نے 76 نمایاں رنز بنائے۔