• news

نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے مزید 3 میچز کا فیصلہ‘ پی آئی اے اور واپڈا کی کامیابی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 60 ویں نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ 2013ء میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا جس میں پی آئی اے اور واپڈا کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیدی جبکہ ایچ ای سی اور پورٹ قاسم کا میچ برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ ایچ ای سی اور پورٹ قاسم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو دو دو گول سے برابر رہا۔ ایچ ای سی کی جانب سے ذیشان اکرم اور عدیل زمان نے جبکہ پورٹ قاسم کی جانب سے ایم عاطف اور سہیل نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرا میچ پی آئی اے اور پی ٹی وی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پی آئی اے نے یکطرفہ مقابلے میں پانچ صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کاشف علی نے دو جبکہ احسان اﷲ، اظفر یعقوب اور نوہیز زاہد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ تیسرے میچ میں واپڈا نے سوئی گیس کو 2 کے مقابلے 4 گول سے شکست دی۔ وقفہ پر واپڈا کی ٹیم کو دو ایک سے برتری حاصل تھی۔ واپڈا کی جانب سے زبیر ریاض نے دو جبکہ ایم جعفر اور علیم بلال نے ایک ایک گول کیا جبکہ سوئی گیس کی جانب سے ایم توفیق اور ایم رضوان نے ایک ایک گول کیا۔ چیمپیئن شپ میں آج پیر کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے۔ جس میں نیوی کا مقابلہ نیشنل بنک سے اور پولیس سوئی سدرن گیس کمپنی کے مدمقابل ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن