پنجاب یوتھ فیسٹیول کی تیاریاں مکمل ‘ پہلا مرحلہ آج شروع ہو گا
لاہور (اے پی پی) رنگا رنگ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پہلے مرحلے کا آغاز آج پیر 23دسمبر سے پنجاب بھر میں ہوگا۔ پہلا مرحلہ فروری تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد قومی سطح پر مقابلے ہو نگے اور انٹرنیشنل یوتھ فیسٹول کے ایونٹس اپریل تک جاری رہیں گے۔ یوتھ فیسٹیول میں 50 لاکھ نوجوان حصہ لیں گے جبکہ اس سال 40 غیر ملکی ٹیموں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں پتنگ اڑانے سمیت دیگر رنگا رنگ ایونٹس پر مشتمل موسم بہار کا خصوصی میلہ بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول کا حصہ ہو گا جس میں 40 سے زائد ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 23 دسمبر سے ویلج، نیبر ہوڈکی سطح پر مقابلے شروع ہو جائیں گے ۔ اس فیسٹول میں محلہ، دیہات کی سطح پر 55200 سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز میں مقابلوں کا انعقاد بیک وقت کیا جائے گا جن میں مقامی سطح کے لوگ شرکت کریں گے تاہم باقاعدہ کھلاڑی صوبائی سطح پر پنجاب نیشنل گیمز میں حصہ لے سکیں گے۔ عوام کے انفرادی مقابلے نعت خوانی اور قرات میں ہو نگے جبکہ سپورٹس سیکٹر میں آرم ریسلنگ، اتھلیٹکس، بیڈ منٹن، بلیئرڈ، کرکٹ، رسہ کشی اور والی بال کے مقابلے ہو نگے۔