• news

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 113 رنز سے شکست دے دی ‘ سیریز میں 2-1 کی برتری

شارجہ (نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو113 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق   5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکن کپتان انجیلو میتھوز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی، پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا  توشرجیل خان 2 رنز پر ہی  کلو سیکرا کاشکاربنے ۔محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے 160 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔162کے سکور پر احمد شہزادرنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوئے۔ صہیب مقصود 21رنز بنانے کے بعد پریرا کا نشانہ بنے۔کپتان مصباح الحق 40 رنز بنانے کے بعد پریرا کا دوسرا نشانہ بنے۔ شاہد آفریدی 2رنز بنانے کے بعد ملنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ محمد حفیظ 136 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 140رنز بنانے کے بعد ناٹ آئوٹ رہے اور پاکستان نے سری لنکا کو 326 رنز کا ہدف دیا۔  ہدف کے تعاقب میں پریرا 7 رنز بنانے کے بعد عمر گل کا پہلا نشانہ بنے۔ کرنارٹے بغیر کسی رنز کے عمر گل کا دوسرا نشانہ بنے۔کمار سنگاکارا 14رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ دلشان 59 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چندی مال 36 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کا شکار بنے ۔ کلوسیکرا ایک رنز بنانے کے بعد سعید اجمل کا شکار بنے ۔ پرسانہ 22 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر سعید اجمل کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔سری لنکا کی پوری ٹیم 45 اوورز میں  213 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔  عمر گل نے 3 ،جنید خان،سعید اجمل اور محمد حفیظ نے  دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا میچ بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ محمد حفیظ مین آف دی میچ قرار پائے۔ اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم  نے بہت اچھا کم بیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر گل کی واپسی پر پاکستان کا بائولنگ اٹیک اچھا ہوا اور بیٹسمینوں نے بھی پوری ذمہ داری کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتح کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگلے میچ میں جیت کر سیریز بھی اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن