• news

پی ٹی آئی ریلی کی جھلکیاں ..........عمران، منور حسن‘ شیخ رشید ایک ہی گاڑی میں آئے

لاہور (شعیب الدین+ ندیم بسرا) O… ٹریفک پولیس نے شاہراہ قائداعظم کو جانیوالے راستے صبح ہی بیرئر لگاکر بند کر دئیے تھے۔ O…تحریک انصاف کے کارکن صبح 9بجے سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر تحریک انصاف کے جھنڈے ہاتھوں میں لئے شہر کے چکر لگانے لگے۔ O… ناصرباغ میں دوپہر سے ہی کارکنوں کی ٹولیاں جمع ہونے لگیں۔ O… کارکن ٹولیوں کی شکل میں تحریک انصاف کے جھنڈے لہراتے ناصر باغ سے فیصل چوک کے درمیان چکر لگاتے رہے۔ O… ریگل چوک میں دہی بھلے، کالے چنے، چاٹ، مونگ پھلی اور مکئی بیچنے والوں کی چاندی رہی۔ O… شاہراہ قائداعظم پر ریگل چوک سے فیصل چوک تک کپڑوں، جوتوں کی تمام دکانیں کھلی رہیں۔ O… تحریک انصاف کے ورکرز اپنے اپنے اہلخانہ کے ساتھ ریلی میں شرکت کیلئے آئے۔ O…خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد فیصل چوک، ریگل چوک، ناصر باغ میں موجود رہی اور تحریک انصاف کے جھنڈے لہراتی رہی۔ O… ٹرکوں، گاڑیوں پر لائوڈ سپیکروں سے ترانے سنا کر ورکروں کا خون گرمایا گیا۔ O… تحریک انصاف کے ورکروں میں جوش و خروش پایا جاتا تھا۔ O… بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں نے ساتھیوں سمیت مہنگائی کے خلاف اسی ریلی میں شرکت کی۔ O…احتجاجی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ O… ریلی میں جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے کارکن بھی نظر آئے جنہوں نے اپنی جماعت کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ O… عمران خان 3بجکر 10منٹ پر پنڈال پہنچے۔ O… پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ سندھ اور دوسرے مقامات سے کارکن بھی آئے۔ O… عمران خان جیسے ہی پنڈال سے مال روڈ کی طرف آئے پولیس نے مال روڈ والا روٹ تبدیل کر دیا۔ ریلی کو فین روڈ سے گنگارام، گنگارام سے فیصل چوک تک کا روٹ دیا گیا مگر بعدازاں مال روڈ والا روٹ بحال کر دیا گیا۔ O… ریلی کے دوران 700پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ O… استنبول چوک میں پی ٹی آئی کے کارکن دھمال ڈالتے رہے۔ O… پولیس نے پہلے نیلا گنبد میں خاردار تار لگائے رکھے جیسے ہی ریلی استنبول چوک آئی خار دار تاریں اٹھا لی گئیں۔ O… عمران خان کی تقریر کے دوران شاہ محمود قریشی کانوں میں سرگوشیاں کرتے رہے۔ O… عمران خان جس گاڑی پر سوار تھے اس کے اردگرد پی ٹی آئی یوتھ ونگ، آئی ایس ایف کے نوجوان سکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے۔ O… بلدیاتی امیدواروں کے بینرز، فلیکس نمایاں نظر آتے رہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایک ہی گاڑی میں احتجاجی ریلی میں شرکت کیلئے آئے‘ جاوید ہاشمی سمیت دیگر رہنما بھی انکے ساتھ موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن