تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو ایک ماہ مکمل
پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ڈرون حملوں کے خلاف جاری دھرنے کو ایک ماہ پورا ہوگیا۔ حلقہ پی کے ٹو پشاور کے کارکنان نے حیات آباد ٹول پلازہ دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی۔ جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ کارکنان حسب معمول کیمپ آرگنائزر میجر فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا کیمپ میں موجود رہے اور افغانستان جانے والی بڑی گاڑیوں کے کاغذات کی چیکنگ بھی جاری رکھی۔ کیمپ آرگنائزر میجر فیاض خلیل نے کہا کہ کارکنان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ برسوں تک بھی دھرنا دینا پڑے تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے امریکہ نے گھٹنے ٹیک دیئے اور طورخم سرحد کے راستے سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کی قرار داد منظور ہونے کی بڑی وجہ تحریک انصاف کا احتجاج اور دھرنا ہے۔