مہنگائی کیخلاف تحریک انصاف کے احتجاج کی حمایت، نیٹو سپلائی روکنے کا فیصلہ درست نہیں: بلاول
لاہور (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاج اور دھرنے کی حمایت کر تا ہوں نیٹو سپلائی روکنے کا عمران خان کا فیصلہ درست نہیں‘ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے‘ کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں دھاندلی کرنے والوںکو ہر صورت ناکام بنائیںگے۔ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکمران مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے عمران خان کا مہنگائی کے خلاف احتجاج بالکل درست ہے جس کی ہم حمایت کرتے ہیں لیکن جو فیصلے وفاقی حکومت نے کرنے ہیں وہ کسی صوبائی حکومت کو کرنے کا اختیار نہیں اس لئے عمران خان کا نیٹو سپلائی روکنے کا فیصلہ درست نہیں ہے اس لئے ان کو چاہئے کہ وہ قوم کے مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کریں اور وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کیا جائے۔ علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا مہنگائی کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ہم تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے خلاف ریلی نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنے سے مختلف ہے اور یہ احسن اقدام ہے۔ واضح رہے تحریک انصاف نے 6 جنوری کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کا اعلان کررکھا ہے جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔