• news

حضرت داتا گنج بخشؒ کے 970 ویں عرس کی تقریبات شروع، اسحاق ڈار، عطا مانیکا نے چادر پوشی کی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت داتا گنج بخشؒ کے 970 ویں عرس مبار ک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز گذشتہ روز صبح 11:00 بجے رسم چادر پوشی اور افتتاح دودھ سبیل سے ہوا جس میں وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا، وفاقی وزیر خزانہ اور چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار محمد اسحاق ڈار، سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور ثاقب عزیز، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور و اوقاف محمد حسن رضوی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عرس شریف کے موقع پر مزار شریف پر چادر پوشی کی گئی اور قومی محفل حسن قرأت و نعت کا انعقاد ہوا۔ چادر پوشی وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے کی۔ اس موقع پر مزار شریف پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی اور نامور نعت خواںحضرات نے حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے آغاز پر نعت خوانی کی۔ چادر پوشی کی تقریب کے بعد دودھ کی سبیل کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر عطا محمد مانیکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داتا کی نگری پر آنے والے عقیدت مندوں کے لئے سکیورٹی کا خاص انتظام کیا گیا ہے جبکہ ان کے قیام وطعام کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  1700 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن