• news

بجلی کی قیمت میں اضافہ وزیراعظم کیلئے آسان فیصلہ نہ تھا: خرم دستگیر

بجلی کی قیمت میں اضافہ وزیراعظم کیلئے آسان فیصلہ نہ تھا: خرم دستگیر

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی آئی این پی) وزیر مملکت برائے تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستانی مصنوعات پر یورپی منڈیوں کے نئے دروازے کھل گئے،ثابت ہو گیا مسلم لیگ ن کی حکومت کی نیت، سمت ،حرکت اور قبلہ درست ہے، سابق حکمرانوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والی سسکتی بلکتی پاکستانی معیشت کو درست کرنے کا وقت آگیا، شریف برادران کی قیادت ملک کو آگے لے جانے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ گزشتہ 5 سالوں میں پنجاب نے جو ترقی کی وہ 50 سال میں نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سلک اینڈ ریان ملز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت کو بادل نخواستہ کچھ سخت فیصلے بھی کرنے پڑے ہیں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم کیلئے آسان فیصلہ نہ تھا لیکن حکومت ملکی معیشت سنبھلتے ہی بجلی کے نرخوں میں کمی کرے گی عوام کے ساتھ مل کر ملک کی ہچکولے کھاتی کشتی کو پار لگائے گی۔ بھارت سے سستا کپڑا آنے سے ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے گوجرانوالہ میں جلد ہی ٹیکسٹائل سے متعلق ریسرچ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائیگا۔ اس موقع پر سابق صدور گوجرنوالہ چیمبر آف کامرس اخلاق احمد بٹ، شیخ ثروت اکرام، خواجہ ضرار کلیم، حافظ خرم فاروق، حاجی محمد اکرم، حاجی غلام مصطفی، حاجی آصف مظفر، حاجی عمر فاروق، رانا افضل نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن